• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محنت پر ہو بس ایمان

اپنی دھرتی ہو پہچان

دینا ہو بس اس پر جان

اپنی دھرتی پیاری بھی

ہم ہیں صدقے واری بھی

چشمے اس میں جاری بھی

سارے صوبے اپنی آس

سب کا ہم کو ہو احساس

اِک دوجے کا رکھیں پاس

لکھنا ہے اور پڑھنا ہے

آگے آگے بڑھنا ہے

علم کا زینہ چڑھنا ہے

سب سے اچھی ہے تعلیم

دنیا کرتی ہے تسلیم

اس میں کیا ہو کچھ ترمیم

بھائی بہن، ماں باپ مِرے

رشتے آپ ہی آپ مِرے

بنتے ہیں چپ چاپ مِرے

میری بیوی، میری ہمّت

میرے بچّے، میری طاقت

میرا کنبہ، میری دولت

اچھے اچھے کام کریں ہم

دنیا بھر میں نام کریں ہم

عام یہی پیغام کریں ہم

سوچ کو اپنی پختہ رکھو

چلنے کا تم رستہ رکھو

گھر کو ہنستا بستا رکھو

دنیا اپنی روشن ہو

مہکا اپنا آنگن ہو

پاس کوئی نہ الجھن ہو

یارب! رحمت ہے درکار

یارب! ہمّت ہے درکار

پیار کی دولت ہے درکار

چلتا یونہی قلم رہے

بڑھتا یونہی قدم رہے

جب تک دَم میں دَم رہے

رستہ کیا، پھر منزل کیا

حق ہو ساتھ، تو باطل کیا

راہ میں پھر ہو مشکل کیا

لکھی دھرتی، لکھا گھر

لکھا سارا خشک و تر

لکھا تم نے خوب قمرؔ