چیف آف ڈیفنس فورسز، آرمی چیف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ملاقات کی ہے۔
مسلح افواج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایشیاء کپ انڈر 19 جیتنے پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو مبارک باد دی۔
انہوں نے ٹیم کے نظم و ضبط، باہمی تعاون اور جرأت مندانہ کھیل کو سراہا، اور کامیابی کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے کھلاڑیوں کو مسلسل اعلیٰ کارکردگی کے لیے کوشاں رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ کھلاڑی پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھیں اور میدان کے اندر اور باہر ملک کے سفیر بن کر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان ہی قوم کے مستقبل کی بنیاد ہیں، نوجوانوں کی توانائی، صلاحیت اور کردار ملک کی ترقی اور عالمی سطح پر اس کے وقار کی تشکیل کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اعزاز سے مزید محنت اور بہتر کارکردگی کے لیے زبردست حوصلہ ملا ہے۔