بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے اسپتال میں ایک ڈاکٹر کی بیڈ پر لیٹے مریض کو تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
ہماچل پردیش کے دارالحکومت شملہ میں واقع اندرا گاندھی میڈیکل کالج (آئی جی ایم سی) کے ایک ڈاکٹر پر مریض کو جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔
واقعہ پیر کے روز پیش آیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
متاثرہ مریض ارجن پنوار کے مطابق وہ طبی ٹیسٹ کے لیے اسپتال آیا تھا اور برونکو اسکوپی کے بعد سانس لینے میں شدید دشواری محسوس کر رہا تھا، اسی دوران وہ ایک دوسرے وارڈ کے بستر پر لیٹ گیا۔
پنوار کا کہنا ہے کہ بغیر کسی وجہ کے ڈاکٹر نے مجھ سے بدتمیزی شروع کر دی۔
متاثرہ مریض کا کہنا ہے کہ میں سانس لینے میں مشکل محسوس کر رہا تھا اور آکسیجن مانگی تو ڈاکٹر نے میرے داخلے پر سوال اٹھانا شروع کر دیا۔
مریض نے بتایا کہ جب میں نے احترام سے بات کرنے کی درخواست کی تو ڈاکٹر مزید جارحانہ ہو گیا، جب میں نے پوچھا کہ کیا وہ اپنے گھر والوں سے بھی ایسے بات کرتا ہے تو اس نے کہا کہ میں ذاتی بات کر رہا ہوں اور پھر مجھے مارنا شروع کر دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر بار بار مریض کو مارتا ہے جبکہ مریض بستر پر لیٹا خود کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔
واقعے کے بعد اسپتال میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے جنہوں نے ملزم ڈاکٹر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو چند گھنٹوں میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق ملزم ڈاکٹر کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔