پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ چند ہفتوں میں عمران خان ایک بار پھر وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔
سینیٹ اجلاس سے خطاب میں پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ ہماری عوام کے ساتھ ڈیل ہوچکی ہے، جو عمران خان کو دو تہائی اکثریت کے ساتھ لانے کہہ چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیف اللّٰہ نیازی پارٹی کے بانیوں میں سے ہیں، ان کے گھر پر چھاپے کی جتنی مذمت کریں کم ہے۔
فیصل جاوید نے مزید کہا کہ یہ جنگل کا قانون ہے کہ آپ کا جو دل کرے آپ کریں، حق سچ کی آواز دبانے کے لیے یہ حکومت کوئی بھی حد پار کرسکتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، یہ اوچھے ہتکھنڈے استعمال کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ حکومتی جماعتوں کا سیاسی گراف تیزی سے نیچے جارہا ہے، عام انتخابات میں ان کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار رائے پر امپورٹڈ حکومت تابڑ توڑ حملے کر رہی ہے، عمران خان پر پرچے کاٹنے سےمنہگائی کم ہوتی ہے تو بالکل کریں۔