وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران روئیں، چیخیں یا پیٹیں اسحاق ڈار وطن واپس آچکے ہیں۔
ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کی واپسی پر فارن ایجنٹ، ہیروں اور گھڑیوں کے سوداگر، آٹا اور چینی چور کا رونا بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کا واپس آنا عمران خان جیسے جھوٹے شخص کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے، اس تھپڑ کی گونج میں ہر روز اضافہ ہو گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار صاحب کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں، وہ جلد سینیٹر کا حلف اُٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ جب ایک مفرور سیدھا وطن واپس آ کر اعلیٰ عہدوں پر براجمان ہو جائے تو جج صاحبان جتنی مرضی تقریریں کر لیں انصاف کا نظام عوامی اعتماد کبھی حاصل نہیں کر پائے گا۔