برطانیہ میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے افراد کے شناختی کارڈز اور پاسپورٹ منسوخ کرنے کی تردید کر دی گئی۔
وزارتِ داخلہ حکام نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے مریم اورنگزیب کے ساتھ بدتمیزی کرنے والوں سے متعلق کہا ہے کہ کسی شخص کے ناروا رویے پر اس کا شناختی کارڈ بلاک ہوسکتا ہے اور نہ پاسپورٹ۔
وزارت داخلہ حکام کے مطابق شناختی کارڈ اور پاسپورٹس بلاک کرنے کے لیے قانونی تقاضے الگ ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ سینٹرل لندن میں وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے میں ملوث 14 پاکستانیوں کا ڈیٹا حاصل کر لیا گیا۔
مریم اورنگزیب کو ہراساں کرنے میں ملوث افراد میں 4 خواتین اور 10 مرد شامل ہیں۔
ذرائع کا بتانا تھا کہ ان افراد کے نائیکوپ (اسمارٹ شناختی کارڈ) اور پاسپورٹ منسوخ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے، وزارت داخلہ تمام معلومات کابینہ میں پیش کرے گی۔