ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات پر تبصرے سے گریز کرے، انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے سفارتی طرز عمل کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ اور وسیع البنیاد تعلقات ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ یہ تعلقات خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے میں اہم رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان امریکا تعلقات مضبوط اور کثیر الجہتی بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے عوام اور پاک امریکا تعلقات مزید گہرے ہو رہے ہیں، پاکستان، امریکا علاقائی امن و سلامتی برقرار رکھنے کیلئے تعمیری طور پر مصروف عمل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت بین الریاستی تعلقات کے بنیادی اصولوں کا احترام کرے، امریکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات پر تبصرے سے گریز کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کو اپنے سفارتی طرز عمل کا سنجیدگی سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔