ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کے تحت ہونے والی ورلڈ یوتھ ٹائٹل فائٹ کل کھیلی جائے گی جس میں پاکستان کے پروفیشنل باکسر عثمان وزیر تھائی لینڈ کے باکسر سومپوت سیسا سے مقابلہ کریں گے۔
قومی مایہ ناز باکسر عثمان وزیر کی یہ نویں پروفیشنل باکسنگ فائٹ ہوگی جس میں اب تک وہ تمام مقابلوں میں کامیابی سے ہم کنار ہوئے ہیں۔
عثمان وزیر پاکستان کے پہلے باکسر ہیں جنہوں نے ڈبلیو بی او کے یوتھ ٹائٹل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
یاد رہے انڈر 23 کیٹگری میں پاکستان نے پہلی بار کوالیفائی کیا ہے، عثمان وزیر گزشتہ 5 روز سے تھائی لینڈ میں انٹرنیشنل کوچز سے ٹریننگ لے رہے ہیں۔
عثمان وزیر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی کی سب سے بڑی فائٹ لڑنے کے لیے پُرجوش ہیں، یوتھ ورلڈ ٹائٹل فائٹ کے لیے کوالیفائی کرنا اعزاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستانی پروفیشنل باکسر نے قوم سے کامیابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔