• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز شریف کے بین الاقوامی دوروں پر وفاقی کابینہ کو بریفنگ

فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پیوٹن سے ملاقات میں روس سے سستی گندم خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری خارجہ نے وزیراعظم کے دورہ ثمرقند اور نیویارک پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کی 10 سربراہان مملکت سے ملاقاتیں ہوئیں۔

اجلاس کے شرکاء کو بریف کیا گیا کہ وزیراعظم نے چینی صدر جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقاتیں کی۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ شہباز شریف اور ولادیمیر پیوٹن کی ملاقات میں مختلف شعبوں میں وسیع تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

دوران ملاقات وزیراعظم نے روسی صدر کو اُن کے ملک سے سستی گندم کی خریدای کے معاملے میں پاکستان کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ روس اور پاکستان کے درمیان بین الحکومتی کمیشن کو مزید متحرک کرنے پر اتفاق ہوا، طے پایا کہ جلد ہی پاکستان کا اعلیٰ سطح کا ایک وفد روس کے دورے پر جائے گا۔

سیکریٹری خارجہ نے اپنی بریفنگ میں کابینہ کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقاتوں میں پاکستان میں سیلاب اور متاثرین کی مشکلات کو اجاگر کیا، تمام ملکوں نے پاکستان کو حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت سے بھی کابینہ کو آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس دوران مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کی، جنہوں نے سیلاب متاثرین کی ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

کابینہ ارکان کو بتایا گیا کہ وزیراعظم نے فرانس کے صدر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبالہ خیال کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ فرانسیسی صدر نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے ڈونرز کانفرنس کی پیشکش کی۔

قومی خبریں سے مزید