• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز نے مجھ سے سفارش کی نہ ہی فیور مانگی، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مریم نواز نے مجھے سفارش کا نہیں کہا اور نہ ہی مجھ سے کوئی فیور مانگی ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزرا کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں شہباز شریف نے آڈیو لیک کو اہم ترین معاملہ قرار دیا، اس سیکیورٹی خامی نے بڑا سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آڈیو لیک بہت اہم معاملہ ہے، جس پر اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی بنارہا ہوں۔

وزیراعظم نے سوال کیا کہ آڈیو لیک کے بعد اب باہر سے پاکستان کے وزیراعظم سے کون ملنے آئے گا؟ یہ 22 کروڑ عوام کی عزت کا معاملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے مجھ سے کوئی سفارش نہیں کی ،نہ ہی کسی کی سفارش کا کہا اور کوئی فیور بھی نہیں مانگی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ مریم نواز کے داماد نے آدھی مشینری عمران خان کے دور میں منگوائی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے مجھ سے کوئی بات نہیں کی بلکہ ڈاکٹر توقیر نے مجھ سے بات کی، جس پر میں نے جواب دیا کہ میں خود مریم نواز کو بتادوں گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے کسی کو کوئی فیور نہیں دیں، قانونی طور پر میں فیور دے سکتا تھا، اگر میں نے کوئی غلطی کی ہو گی تو میں قوم سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ لوں گا۔

انہوں نے استفسار کیا کہ میری آواز میں کسی نے ہیرے جواہرات کی بات سنی؟ اس کے مقابلے میں ہیرے جواہرات کی جو باتیں ماضی میں ہوتی رہی ہیں وہ کیا کسی سے کم ہیں؟

وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی نے ریاستی مشینری استعمال کرتے ہوئے ہم سب کے خلاف کیسز بنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور حکومت میں قوم کے اثاثوں کو بری طرح سے بیچا گیا، توشہ خانہ کیس میں تحفے اور گھڑیاں بیچے اور پیسے جیب میں ڈال لیے، کیا کبھی ایسا ہوا ہے؟

شہباز شریف نے کہا کہ وہ آڈیوز بھی آنی چاہئیں جب ان لوگوں نے اپنے دور حکومت میں چینی ایکسپورٹ کی ،چینی اسکینڈل اربوں روپے کا ہے، پوچھتا ہوں اس کے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کہاں ہے؟

انہوں نے کہا کہ پچھلے دور حکومت میں پہلے گندم ایکسپورٹ کی گئی اور پھر ناقص گندم امپورٹ کی گئی، انہوں نے تو پشاور میٹرو پر اسٹے لیا ہوا ہے اور بلین ٹری پر اربوں کھائے ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہاکہ ملک کی معاشی حالت دیکھ کر مجھے رات کو نیند نہیں آتی تھی، ہم تو دن رات ملک کی حالت ٹھیک کرنے میں لگے ہوئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل میں عمران خان چاہتا تھا کہ ملک سری لنکا بن جائے، پی ٹی آئی چیئرمین سے زیادہ جھوٹا، محسن کش اور کرپٹ شخص دنیا میں پیدا نہیں ہوا ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم آئینی طورپر حکومت میں آئے ہیں، ہم دن رات قوم کی خدمت کر رہے ہیں، ایک شخص دن رات جھوٹ بولتا ہے اور مکاری کرتا ہے، اس نے افواج پاکستان میں بھی تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے وزیراعظم بننے تک جتنے بھی سرکاری دورے کیے، اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ لندن میں مریم اورنگزیب نے وقار کے ساتھ لوگوں کا سامنا کیا، عالمی فورم پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی بھرپور معاونت اور کوشش حاصل رہی، شیری رحمان اور مریم اورنگزیب نے بھی بھرپور کاوش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ احترام سے بات نہ کرنا خود کو آئن اسٹائن سمجھنا، ٹانگ پر ٹانگ رکھنا اور کام کچھ نہ کرنا، اس طرح کی صورتحال نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ تنہائی سے پاکستان کو نقصان پہنچ رہا تھا، پچھلی حکومت نے خارجہ پالیسی کا حلیہ بگاڑا، جس کے باعث دوست ممالک ناراض ہوئے، میں عینی شاہد ہوں۔

انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کے سربراہوں نے جو الفاظ کہے دہرا نہیں سکتا ریاستی سیکرٹ ہے، پاکستان عالمی تنہائی سےنکل آیا ہے، دنیا میں جینے کا طریقہ عزت اور وقارکے ساتھ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں عالمی رہنماؤں کے ساتھ حوصلہ افزا ملاقاتیں ہوئیں، چین اور روس کے صدور نے بھی ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آئے سیلاب میں ہمارا قطعاً کوئی کردار نہیں، کاربن کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، ہمیں تو ناکردہ گناہ کی سزا ملی۔

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب نے وہ تباہی مچائی، جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، جس کے باعث 1600 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورتحال پر امریکی صدر کے اظہار ہمدردی اور امداد کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ڈونرز کانفرنس کی تیاری کررہے ہیں، اس کے انعقاد میں تاخیر نہیں کریں گے، بھرپور کاوش سے ہم آئسولیشن سے نکل کر آگے بڑھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ان ملکوں سے اچھے تعلقات ہو رہے ہیں، بات ہوتی ہے، سیلاب کے معاملے پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بھی پاکستان کے عوام کی ترجمانی کی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عالمی فورم پر اسلاموفوبیا، کشمیر اور فلسطین سے متعلق پاکستان کا بھرپور موقف پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے سامنے بھارت میں مسلمان کے ساتھ نارواسلوک کی مذمت کی۔

قومی خبریں سے مزید