• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مستقبل قریب میں پاک بھارت سیریز کے امکانات نہ ہونے کے برابر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے انگلینڈ میں پاک بھارت سیریز کرانے کے بارے میں بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ مستقبل قریب میں ایسی کسی سیریز کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے سینئر عہدیدار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پہلی بات یہ کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پی سی بی سے اس حوالے سے بات چیت کی جو کہ قدرے عجیب ہے۔

پاکستان کے خلاف سیریز کا فیصلہ کرنا بھارتی حکومت کا کام ہے نہ کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا، ابھی تک کے مؤقف کے مطابق ہم پاکستان کے خلاف صرف ملٹی ٹیم ایونٹس میں ہی کھیلیں گے۔

 پی سی بی اس حوالے سے براہ راست ردعمل دینے سے گریز کررہا ہے لیکن ذرائع پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ سیریز کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں ابھی یہ پیشکش ابتدائی مرحلے میں ہے لیکن پاکستان آکر کھیلنے کی باری بھارتی بورڈ کی ہے اس لئے پہلے بھارتی ٹیم کو پاکستان آنا ہوگا۔

واضح رہے کہ پاک بھارت سیریز کے لیے انگلینڈ نے پی سی بی اور بھارتی بورڈ سے رابطہ کیا ہے، ای سی بی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے ساتھ بھی پاکستان نے انگلینڈ میں ٹیسٹ میچز کھیلے تھے، پاکستانی اور بھارتی شائقین کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش کش کی گئی۔

بی سی سی آئی کے ایک افسر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کا فیصلہ حکومت کرے گی اور موجودہ حالات کی پیش نظر اسکا کوئی امکان نظر نہیں آرہا۔

پاک بھارت ٹیموں نے 15 سال قبل آخری بار ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی تاہم ممبئی حملوں کا جواز بناکر بھارت نے متعدد بار پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے سے انکار کرتا رہا ہے۔

سال 2012 میں دونوں ٹیموں کے مابین تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی جس کے لیے قومی ٹیم بھارت گئی تھی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2007 میں کھیلی گئی تھی۔

پاکستان نے تین ون ڈے میچوں کی اس سیریز میں بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر 1-2 سے شکست دی تھی۔

اسپورٹس سے مزید