• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبارک پاکستان آج باجی مریم بھی بری ہو گئیں، شہباز گل

کولاج، فائل فوٹوز
کولاج، فائل فوٹوز

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے ایون فیلڈ ریفرنس سے بری ہونے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے ردِ عمل دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف جماعت کے تصدیق شدہ پیج پر مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت پر ردِ عمل دیتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ قوم کو صرف یاد دلوانا ہے کہ جس کیس میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو بری کیا گیا ہے، یہ وہی ایون فیلڈ کیس ہے جس میں مریم نواز جعلی ٹرسٹ ڈیڈ دیتے ہوئے پکڑی گئی تھیں۔

اب یہ معاملہ کئی برس اسلام آباد ہائیکورٹ میں لٹکے رہنے کے بعد بالآخر سپریم کورٹ میں جائے گا۔

دوسری جانب شہباز گِل نے اپنے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مبارک پاکستان آج باجی مریم بھی بری ہو گئیں، تمام چوری حلال ہو گئی۔ ڈار صاحب بھی جلدی بری ہو جائیں گے، لگتا ہے نواز شریف صاحب بھی جلدی ہی بری ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ جس اسپیڈ سے شریف خاندان کو NRO 2 ملا،  نیب کے وکیل تو مریم کے وکیل لگ رہے تھے، آج کے اس فیصلے سے پاکستان 30 سال پیچھے چلا گیا۔

رہنما پی ٹی آئی، مراد سعید نے ردِ عمل دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ این آر او ٹو پر عمل درآمد جاری۔

مریم نواز کی بریت پر عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ این آر او 2 پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے!

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’لندن تو کیا میری پاکستان میں بھی کوئی جائداد نہیں، پاکستان زندہ باد‘۔

رہنما اسد عمر کا ردِ عمل میں کہنا ہے کہ روز مہنگائی بڑھ رہی ہے اور روز امپورٹڈ حکومت کے لیڈروں کے مقدمے خارج ہو رہے ہیں، یہ ہیں وہ اصل مقاصد جن کے لیے سازش کر کے عمران خان کو ہٹایا گیا۔

رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ’آج کے فیصلے سے نون لیگ خود بھی تھوڑی شرمندہ سی نظر آ رہی ہے‘۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ کی رہنما مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس سے بری کر دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کی ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیل منظور کرتے ہوئے ان کی 7سال قید کی سزا کالعدم قرار دے دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایک سال قید کی سزا بھی کالعدم قرار دے دی۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے جولائی 2018ء کو عام انتخابات سے قبل سزا سنائی تھی۔

قومی خبریں سے مزید