• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کرکٹرز کا شہزاد اعظم رانا کے انتقال پر اظہار افسوس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر شہزاد اعظم رانا کے انتقال پر دیگر کھلاڑیوں نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی بیٹر شان مسعود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہزاد اعظم رانا کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ زندگی کتنی غیر یقینی ہے۔ یقین نہیں ہوتا کہ آپ اس دنیا سے چلے گئے۔

شان مسعود نے شہزاد اعظم رانا اور ان کے اہل خانہ کو دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست بھی کی۔

فاسٹ بولر سہیل تنویر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ شہزاد اعظم رانا کے انتقال کی خبر چونکا دینے والی ہے۔ وہ بہت ہی اچھا انسان تھا جو سب کی عزت کرتا تھا۔ اللّٰہ تعالیٰ اسے جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔

فاسٹ بولر وہاب ریاض نے بھی فرسٹ کلاس کرکٹر کی اچانک موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ٹوئٹر پر لکھا کہ کم عمری میں شہزاد اعظم رانا کی ہارٹ اٹیک کے باعث موت سے شدید دکھ پہنچا۔

قومی ٹیم کے اسپن بولر شاداب خان نے شہزاد اعظم رانا کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ اس خبر سے بہت دکھ اور حیرانی ہوئی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ  نے ٹوئٹر پر لکھا کہ شہزاد اعظم رانا بہت ہی باصلاحیت اور محنتی بولر تھا۔ اللّٰہ تعالیٰ انہیں جنت میں جگہ عطا کرے۔

انہوں نے شہزاد اعظم رانا کے اہل خانہ اور دوستوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

قومی ٹیم کے اوپننگ بیٹر امام الحق نے بھی شہزاد اعظم رانا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر شہزاد اعظم رانا دل کا دورہ پڑنے کے باعث 36 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید