• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن میں مدمقابل کھڑے ہونے پر راجیش کھنہ نے ترک تعلق کرلیا تھا، شتروگن سنہا

 
کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور مغربی بنگال سے لوک سبھا کے رکن شتروگن سنہا نے انکشاف کیا ہے کہ دہلی کی ایک نشست پر ایک بار الیکشن میں بطور امیدوار حصہ لینے پر سن 60ء اور 70ء کے عشرے کے سپر اسٹار راجیش کھنہ ان سے سخت ناراض ہوئے، حالانکہ وہ میرے بہت اچھے دوست تھے لیکن انہوں نے مجھ سے بات چیت تک کرنا بند کردی تھی۔ 

شتروگن کے مطابق اس سیٹ پر سابق بھارتی وزیر داخلہ اور نائب وزیر اعظم ایل کے ایڈوانی گجرات کی نشست کے ساتھ یہاں سے بھی جیت گئے تھے اور بعد میں جب انہوں نے دہلی کی سیٹ چھوڑی تو اس پر میں اور راجیش مد مقابل تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر راجیش کھنہ کافی غصہ میں تھے اور کہنے لگے میرے خلاف تم کیسے کھڑے ہوگئے؟

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شتروگن کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں سمجھانے اور منانے کی بہت کوشش کی اور بتایا کہ میں آپ کے خلاف نہیں کھڑا ہوا، بلکہ یہ سیاسی پارٹی کا فیصلہ تھا کہ کسے کہاں سے کھڑا ہونا ہے۔

لیجنڈری اداکار نے بتایا کہ اس کے چند برس بعد ہم دونوں بیمار ہو کر اسپتال میں داخل ہوگئے اس دوران میں نے یہ سوچ رکھا تھا کہ جیسے ہی اسپتال سے ڈسچارج ہوا تو راجیش کے پاس جا کر انہیں منا لوں گا۔

پھر میں نے اپنی بیٹی سے کہا کہ یہاں سے فارغ ہوتے ہی مجھے راجیش کھنہ کے پاس لے جانا لیکن ایسا نہیں ہوسکا اور میں اسپتال میں ہی تھا جب میری بیٹی سوناکشی نے مجھے بتایا کہ راجیش انکل چل بسے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید