• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمشنر نصیرآباد اور تحصیلدار ڈیرہ مرادجمالی کو تبدیل کیا جائے، ایم کیو ایم

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ایم کیوایم پاکستان بلوچستان کے صدر ملک عمران کاکڑ نے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب نے بلوچستان میں اسی فیصد انفرااسٹرکچر کو تباہ کردیا ہے حکمران کو متاثرین کی کوئی فکر نہیں ،وزیر اعظم کے ایک ماہ میں بلوچستان کے چار دورئے بھی کوئی رنگ نہیں دکھا سکے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ سے پانچ کلو میٹر دور ہنہ اور سریاب تک کوئی حکومتی نمائندہ نہیں گیا متاثرین کا کوئی پرسان حال نہیں حکمران اقتدار کی رسہ کشی میں مصروف ہیں ،ایم کیو ایم کی مرکزی قیادت جلد بلوچستان کا دورہ کرے گییہ بات انہوں نے جمعرات کو نائب صدر میر امداد مری ، زونل انچارج احمد حسین مینگل اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ملک عمران کاکڑ نے کہا کہ سیلاب سے بلوچستان میں لاکھوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں اور سینکڑوں مکانات تباہ ہوگئے اور لوگ کھلے آسمان تلے امداد کی منتظر ہیں ، متاثرہ علاقوں میں سیلابی پانی کی نکاسی کا انتظام نہ ہونے کی وجہ سے وبائی امراض پھیل رہے ہیں جس سے قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں نصیرآباد ، صحبت پور ، جعفر آباد ،اوستہ محمد میں ضلعی انتظامیہ باالخصوص تحصیلدار ڈیرہ مراد جمالی کا عوام سے رویہ اور کمشنر نصیرآباد ڈویژن کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمشنر نصیرآباد اور تحصیلدار ڈیرہ مرادجمالی کو فوری طور پرتبدیل کیا جائے بصورت دیگر ایم کیو ایم بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنے سمیت سخت احتجاج پر مجبور ہوگی انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے بلوچستان کے سینکڑوں متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کیا جاچکا ہے مزید 2 ہزار خاندانوں میں راشن اور دیگر سامان جلد تقسیم کیا جائے گا ۔
کوئٹہ سے مزید