• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان 4 سال ملکی معیشت، خارجہ امور سے کھیلتے رہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان 4 سال ملکی معیشت اور خارجہ امور سے کھیلتے رہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا وتیرہ ہے کہ اتنا جھوٹ بولو کے سچ لگنے لگے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کو عالمی سطح پر نقصان پہنچایا، عمران خان کو ملک سے کوئی سروکار نہیں، انہیں اپنی انا عزیز ہے، اس نے ایسا کھیل کھیلا کہ معاشرے کو بگاڑ کر رکھ دیا۔

انہوں نے دوران پریس کانفرنس عمران خان کے کلپس چلادیے اور کہا کہ عمران خان کی ایک اور آڈیو ایک اور تھپڑ ہے، بس محسوس کرنے کی ضرورت ہے۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ یہ وہ شخص ہے جو ملک کے خلاف شیطانی چالیں چل رہا ہے، ہارس ٹریڈنگ کو شرک کہنے والے عمران خان کی اپنی ہارس ٹریڈنگ کی آڈیو آگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آڈیو لیک میں عمران خان ارکان کو بھیڑ بکریوں کی طرح بیچنےکا کہہ رہا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کہتا ہے 5 ارکان خرید لیے، 5 مزید خرید لیں۔ اس سے پہلے ہارس ٹریڈنگ شرک تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ باہر امریکا کی غلامی نامنظور، کمرے میں امریکا کا نام نہیں لینا، پاناما میں نام نہ نوازشریف کا تھا نہ ہی مریم نواز کا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے غداری کی، جس دن چیئرمین پی ٹی آئی گرفتار ہوگا اس دن انصاف ہوگا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں میرے دور میں ترقی اور خوشحالی تھی، لوگ ان سے پوچھیں کہ کیا واقعی ان کے دور میں ترقی تھی؟

ان کا کہنا تھا کہ آپ کے دور میں آٹا 100 روپے فی کلو ہوگیا، آپ کے دور میں بجلی کا یونٹ 9 روپے سے بڑھ کر 24 روپے ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آپ کے دور میں کھاد کی بوری 2400 سے بڑھ کر 10 ہزار روپے ہوگئی، آپ کے دور میں سرمایہ کار سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہتے تھے۔

قومی خبریں سے مزید