• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈبینک اور IMF سے مذاکرات: وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار امریکا روانہ

اسحاق ڈار—فائل فوٹو
اسحاق ڈار—فائل فوٹو

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک سے مذاکرات کے لیے وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار امریکا روانہ ہو گئے۔

وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی امریکا روانگی سے متعلق وزارتِ خزانہ کی جانب سے اعلامیے میں بتایا گیا ہے۔

وزیرِ خزانہ واشنگٹن میں بریٹن ووڈ انسٹی ٹیوشنز (بی ڈبلیو آئیز) کے سالانہ اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر سے ورچوئل ملاقات کی تھی جس کے دوران انہوں نے سیلاب سے انفرااسٹرکچر اور فصلوں کے نقصانات پر معاشی صورتِ حال سے آگاہ کیا تھا۔

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ حکومت کا مقصد اسٹرکچرل مسائل حل کرنا ہے، اسٹرکچرل مسائل کے حل سے پاکستان مالیاتی خسارہ ختم کر کے پائیدار ترقی کی طرف بڑھ سکے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی دورۂ امریکا میں ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات ہوئی، جس کے دوران ایم ڈی آئی ایم ایف نے سیلاب کی مشکل صورتِ حال میں پاکستان کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایم ڈی آئی ایم ایف نے پروگرام کی شرائط پر نظرِ ثانی کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

گفتگو کے دوران مشن چیف آئی ایم ایف ناتھن پورٹر نے اسحاق ڈار کو وزارتِ خزانہ کا قلم دان سنبھالنے پر مبارک باد دی تھی۔

ناتھن پورٹر نے معیشت کو درپیش چیلنجوں کے بارے میں آئی ایم ایف کے جائزے سے آگاہ کیا تھا۔

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی معیشت کے لیے مشکل وقت میں آئی ایم ایف کی حمایت پر اظہارِ تشکر بھی کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید