جہانیاں ( آن لائن ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق وزیر اعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومتی اور اپوزیشن کمیٹی کو ٹی او آرز کے سلسلے میں مذاکرات میں حتمی فیصلہ کرنا چاہیے ہمیں بند گلی میں نہیں جانا چاہیے،پیپلز پارٹی پر فرینڈلی اپوزیشن کا الزام بے بنیاد ہے،پیپلز پارٹی کی ری آرگنائزیشن کیلئے تمام صوبوں میں کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں،پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں پاک ایران تعلقات مثالی تھے،بجٹ میں حکومت نے غریب عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا عوام کو مایوسی ہوئی اب ہر فورم پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا وقت آن پہنچا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جہانیاں میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز کیلئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کیلئے نام پیپلز پارٹی کے چیئرمین کی رضامندی سے دیے گئے ہیں،حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی کمیٹی کو اس معاملے کا حل نکالنا چاہیے، ہمیں بند گلی میں نہیں جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیلئے احتساب کا عمل ہونا چاہیے نہ کہ انتقام کا ؟۔انہوں نے پیپلز پارٹی پر فرینڈلی اپوزیشن کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے ،سابق وزیر اعظم پرویز اشرف ،سابق وفاقی وزیر امین فہیم مرحوم پر حکومت نے درجنوں کیسز بنا رکھے ہیں جبکہ ہمارے ایک رہنما حامد سعید کاظمی کو جیل بھجوا دیا گیا ہے ۔انہوں نے پیپلز پارٹی کے گرتے ہوئے گراف کے حوالے سے کہا کہ ہم پارٹی کی ری آرگنائزیشن کررہے ہیں جس کیلئے تمام صوبوں میں کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں،پیپلز پارٹی کے پرانے اور مئوثر کارکنوں سے رابطے کرکے انہیں فعال کریں گے اور ان کی مشاورت سے ہی پارٹی کی تنظیم نو ہوگی۔موجودہ بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں جس کی توقع کی جارہی تھی وہ ریلیف نہ دیا گیا ہے،ہمارے دور حکومت میں تیل کی قیمتیں عالمی منڈی میں سو ڈالر سے زائد تھیں اس کے باوجود ہم نے تنخواہ دار طبقوں اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کیا مگر موجودہ حکومت نے تیل کی قیمتوں میں اربوں ڈالرکا ریلیف حاصل کرنے کے باوجود کسی کو کچھ ریلیف فراہم نہ کیا۔