اسلام آباد(صباح نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے خارجہ امور کے دو اعلی عہدیداروں کی موجودگی میں وزارت کو دو ملائوں کے درمیان مرغی حرام جیسی صورتحال کے مترادف قرار دیدیا۔ بجٹ تقریر کے دوران سید خورشید شاہ خارجہ امور پر بہت کم ہی بولے اور کہا کہ وہ خارجہ امور پر زیادہ بولنے کا موقع سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دینا چاہتے ہیں، وہ اپنے جوہر دکھائیں گے ویسے بھی پاکستان کی خارجہ پالیسی انتہائی کمزور ہے، وزارت خارجہ میں دو بزرگوں کی وجہ سے دو ملائوں میں مرغی حرام جیسی صورتحال ہے، ہماری ناکامی کا اس سے بڑا ثبوت کیا ہو گا کہ جن افغانوں کیلئے ہم مرے تھے انہوں نے ہمارے جنازوں کو کندھا دینے سے بھی انکار کر دیا ہے پاکستان میں کون کس طرح داخل ہوتا ہے کیسے آتا ہے کون لیکر آتا ہے یہ کہاں جاتے ہیں اور کہاں رہتے ہیں ہماری وزارت خارجہ کو کچھ پتہ نہیں ہوتا۔