وزیرِ اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت حسین نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے مہنگائی کم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چوہدری شجاعت حسین سے ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔
چوہدری شجاعت نے انہیں مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ آپ مہنگائی کم کر دیں، میری صحت مزید بہتر ہو جائے گی۔
جس پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈار صاحب نے آ کر ڈالر کی قیمت کم کر دی ہے، اب مہنگائی کم کرنے پر توجہ ہے۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ وزیرِ اعظم صاحب! ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں مگر عوام کو ریلیف دیں۔
صدر ق لیگ نے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتوں میں کمی لائیں، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں کم کریں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں آرمی چیف کی تقرری پر بھی چوہدری شجاعت نے وزیرِ اعظم شہبا زشریف کو مشورہ دیا۔
چوہدری شجاعت نے کہا کہ یہ حساس اور قومی ذمے داری والا معاملہ ہے، کسی کی نہ سنیں، آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کریں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جواب دیا کہ چوہدری صاحب! بالکل ایسا ہی ہوگا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری شجاعت کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ اگلے ماہ چین جائیں گے۔