پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی جانب سے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے متعلق دیے گئے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چند دن پہلے سعودی عرب کے بارے میں ہرزہ رسائی اور اب پاکستان پر غیر ذمہ دارانہ بیان یوں لگتا ہے صدر بائیڈن امریکی عوام میں گرتی ہوئی ساکھ سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔
فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ صدر بائیڈن پاکستان کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ بیانات فوراً واپس لے، ہماری موجودہ لیڈر شپ کمزور ہوسکتی ہے لیکن عوام کمزور نہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کو بے قاعدہ قرار دے دیا ہے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے ڈیموکریٹک کانگریشنل کمپین کمیٹی میں خطاب کے دوران روس اور چین کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان کو لپیٹ میں لے لیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستان پر الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ میراخیال ہے کہ پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سےایک ہے۔