لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے حکمران عوام کے نہیں استعمار کے نمائندے، امریکی صدر سے ہاتھ ملا لینا ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے اصل مقاصد کا سب کو پتا ہے، پی ڈی ایم نے بھی اقتدار میں آنے سے قبل مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیے تھے۔ اکیسیویں صدی ہے،قوم ان غلام ابن غلام استعمار کے وفاداروں کے چہروں کو پہچان چکی، سب کو معلوم ہے دونوں اطراف اسٹیبلشمنٹ سے دودھ کی بوتل حاصل کرنا چاہتی ہیں ۔ملک معاشی و سیاسی دہشت گردی کا شکار، مسائل کی ذمہ دار موجودہ سابقہ حکومتیں ہیں۔ 65فیصد یوتھ مسائل میں گھرے ملک کے لیے امید کی کرن ہے۔ نوجوانوں کو منظم کریں گے، 30اکتوبر کو مینار پاکستان تلے ملک بھر سے نوجوانوں کو اکٹھا کررہے ہیں۔ یقین ہے پاکستان زندہ آباد یوتھ لیڈر شپ کنونشن ملک میں نئی صبح کا آغاز ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے گریٹر اقبال پارک میں یوتھ کنونشن کی تیاریوں کے جائزہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔