مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن نے عدالتی فیصلے کو متنازع بنانے کی کوشش کی، وہ پی ٹی آئی کا سینیٹر بننے کی کوشش میں ایسا کر رہے ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔
کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا مزید کہنا ہے کہ اعتزاز احسن نے 40 سال وکالت کرنے کے بعد عدالت پر عدم اعتماد کر دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف 40 سال سے سیاست کر رہے ہیں، غلام اسحاق خان کے دور میں اپوزیشن میں بھی بیٹھے تھے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل اعتزاز احسن نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف اور مریم نواز پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کوئی 6 ماہ پہلے یہ کہہ سکتا تھا کہ ساری بساط الٹی ہو جائے گی، عمران خان زمین پر ہو گا اور بھاگا ہوا مفرور مجرم نواز شریف تخت پر ہو گا، اس کی بیٹی مریم نواز بھی اس کے پاس پہنچی ہوئی ہو گی، وہ انہی ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں بیٹھے ہمارا منہ چڑا رہے ہوں گے، پاکستان میں کوئی بھی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللّٰہ کہتے ہیں کہ لانگ مارچ والے دن انہوں نے اسلام آباد کے اطراف حصار بنا لینا ہے، اگر وہ حصار، فصیل اور ایک قید خانہ بن گیا تو وہ کیا کریں گے؟
اعتزاز احسن نے وفاقی وزیرِ داخلہ سے مخاطب ہو کر کہا تھا کہ رانا ثناء اللّٰہ! آپ لوگوں کے مال سے بھرے ہوئے کنٹینر کھڑے کر رہے ہیں، رانا صاحب! آپ دس دس کنٹینروں کی دیوار کھڑی کر دیں لیکن اس کے پار بھی کوئی اتھارٹی ہے، نیب لانڈری اور انجینئرنگ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
اس سے قبل مارچ میں بیرسٹر اعتزاز احسن نے اپنی پارٹی کی قیادت کو نواز شریف سے احتیاط کا مشورہ دیا تھا۔