بھارت کے شہر غازی آباد کے جِم میں 33 سالہ شخص دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا، جس کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عادل جِم کا مالک تھا اور روز اپنے ہی جِم میں ایکسرسائز بھی کرتا تھا۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عادل دل کا دورہ پڑنے کے بعد جھٹکے سے کرسی پر گرا جس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے اسے اسپتال منتقل کیا تاہم وہ راستے میں ہی چل بسا۔
اہلخانہ کا بتانا ہے کہ عادل کو بخار تھا تاہم اس نے جِم کا ناغا نہیں کیا۔ اس نے سوگواروں میں بیوی اور 4 بچوں کو چھوڑا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بالی ووڈ سُپر اسٹار سلمان خان کی جگہ سین عکس بند کرانے والے ساگر پانڈے 50 سال کی عمر میں چل بسے تھے۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سےکہنا تھا کہ سلمان خان کے باڈی ڈبل (اداکار کا بطور اسٹنٹ کردار ادا کرنے والا) ساگر پانڈے کی موت ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی جس وقت وہ جِم میں ایکسرسائز کر رہے تھے۔
اس سے قبل مشہور بھارتی کامیڈین راجو شری واستو کو بھی جِم میں دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ کچھ دنوں زیر علاج رہنے کے بعد چل بسے تھے۔