• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرائیمیا میں موجود ایرانی فوجیوں نے روس کی مدد کی: امریکا

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس—فائل فوٹو
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس—فائل فوٹو

امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے یوکرین کے الزام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے اس بات کا تعین کیا ہے کہ ایرانی فوجی اہلکار کرائیمیا میں موجود تھے۔

انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی فوجی اہلکار تہران کے فراہم کردہ ڈرونز آپریٹ کرنے کے لیے روسی فوج کی مدد کر رہے تھے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین میں موجود کرائیمیا کا علاقہ روس میں ضم ہے۔

ایرانی روس میں ڈرونز کی تربیت دے رہے ہیں: یوکرین

واضح رہے کہ یوکرین کے قومی مزاحمتی مرکز کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ ایرانی ڈرون انسٹرکٹر روس پہنچ کر روسی فوجیوں کو ایرانی ڈرونز چلانے کی تربیت دے رہے ہیں۔

یہ بھی دعویٰ کیا گیا تھا کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کے مغربی شہر ماکریف میں ڈرون طیاروں کی مدد سے کیے گئے 3 حملے ایرانی ڈرونز سے کیے گئے تھے۔

یوکرین کی طرف سے یہ بھی کہا گیا تھا کہ حال ہی میں روس نے یوکرین میں مختلف مقامات پر 136 ڈرون حملے کیے ہیں۔

یوکرینی دعوے کے مطابق روس ایرانی ڈرون انسٹرکٹرز سے مقبوضہ خیرسن اور کریمیا کے علاقوں میں مدد لے رہا ہے۔

یوکرین کے قومی مزاحمتی مرکز کے مطابق ایرانی انسٹرکٹرز روسی فوجیوں کو ڈرون کے استعمال کے علاوہ مانیٹرنگ کی بھی تربیت دے رہے ہیں۔

یوکرین نے الزام لگایا تھا کہ ایران اپنے شہریوں کو بھی روس کی مدد کے لیے بھیج رہا ہے۔

ایران کی تردید

دوسری جانب ایران نے روس کو ڈرون دینے کی تردید کی تھی۔

اسرائیل سے میزائل نظام کیلئے بات کی ہے: یوکرین

دوسری جانب یوکرین کے وزیرِ خارجہ دیمیترو کولیبا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم سے میزائل دفاعی نظام اور ٹیکنالوجی کے لیے تفصیلی بات کی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم کو روسی میزائلوں اور ایرانی ساختہ ڈرونز سے ہونے والی تباہی کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔

اسرائیل کا ہتھیار دینے سے انکار

اسرائیل نے یوکرین پر روسی حملوں کی مذمت کی ہے تاہم یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید