روس میں ضم یوکرین کے ریجن خیرسون میں یوکرینی فورسز نے شیلنگ کی ہے۔
روس کے حامی اہلکار کے مطابق یوکرینی فوج کی شیلنگ میں دریائے دنیپرو کے پل کو پار کرتے ہوئے 4 شہری ہلاک ہو گئے۔
روس کے حامی اہلکار کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیرسون ایک قلعے کی طرح اپنے دفاع کی تیاری کر رہا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے یوکرین کے الزام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا نے اس بات کا تعین کیا ہے کہ ایرانی فوجی اہلکار کرائیمیا میں موجود تھے۔
انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ایرانی فوجی اہلکار تہران کے فراہم کردہ ڈرونز آپریٹ کرنے کے لیے روسی فوج کی مدد کر رہے تھے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرین میں موجود کرائیمیا کا علاقہ روس میں ضم ہے۔
واضح رہے کہ یوکرین کے قومی مزاحمتی مرکز کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ ایرانی ڈرون انسٹرکٹر روس پہنچ کر روسی فوجیوں کو ایرانی ڈرونز چلانے کی تربیت دے رہے ہیں۔