پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے موجودہ صورتحال میں ملکی حالات بہتر بنانے کا فارمولا بتادیا۔
لاہور میں عاصمہ جہانگیر کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کے حالات بہتر بنانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ ہم سب اپنے اپنے مفادات سے باہر نکلیں۔
انہوں نے کہا کہ جو سیاستدان اپنی عزت نہیں کرسکتے وہ ملک کی عزت کیا رکھیں گے، آج ہمیں اپنی سیاست کو پیچھے اور ملک کو آگے رکھنا ہوگا۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ پوچھتا ہوں جب معاشی حالات سمیت ہر لحاظ سے ملک اندر سے کھوکھلا ہو تو آگے کیسے چل سکتا ہے؟ آج آپ کسی ایک جماعت کو بھی 100 فیصد سیٹیں دے دیں پھر بھی ملک نہیں چلے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سیاسی، عسکری، جوڈیشل اور بزنس لیڈر شپ کو مل کر بیٹھنا ہوگا اور یہ فیصلہ کرنا ہے کہ سیاسی مفاد مقدم رکھنا ہے یا ملک کا مفاد آگے رکھنا ہے؟
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ان باتوں سے باہر نکلیں کہ فوج کا سربراہ کون بنے گا، کون سا جج پروموٹ ہوگا، حالات بہتر بنانے کا ایک ہی طریقہ ہے اپنے مفادات سے باہر نکلیں۔