حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سیہون ڈولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف رمضان میں بھی بھوک ہڑتال کا سلسلہ جاری رکھا، اس دوران متعدد ملازمین کی حالت خراب ہوگئی اور انہیں پانی کے چھینٹے دےکر ہوش میں لایا گیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ملازمین نے کہا کہ سیہون ڈولپمنٹ اتھارٹی نے ظلم کی سب حدیں پارکردی ہیں، 14 ماہ سے 400 سے زائد ملازمین کی تنخواہیں بلاجواز بند کرنا جبر ہے۔ رمضان کے پاک مہینے میں بھی احتجاج کرنے پر مجبور ہیں، سورج کی تپش ہمارے جسم کو متاثر کررہی ہے مگر حکومت اور انتظامیہ گونگی بہری بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ جلد از جلد مسائل حل کئے جائیں بصورت دیگر انتہائی اقدامات اٹھانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔