کینیا میں قتل کیے گئے سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کی میت آج رات اسلام آباد پہنچے گی۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ارشد شریف کی میت گزشتہ شب سوا 1 بجے نیروبی سے دوحہ روانہ کی گئی تھی۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ ارشد شریف کی میت دوحہ سے آج شام 7 بج کر 35 منٹ پر پاکستان روانہ کی جائے گی۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ صحافی ارشد شریف کی میت آج رات 1 بج کر 5 منٹ پر اسلام آباد پہنچائی جائے گی۔
ترجمان دفترِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کینیا میں پاکستانی ہائی کمشنر سیدہ ثقلین نے گزشتہ شب انتظامات کا جائزہ لے کر مقتول صحافی ارشد شریف کی میت نیروبی سے روانہ کی تھی۔
واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کو کینیا میں قتل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی اہلیہ جویریہ صدیق کا کہنا تھا کہ پولیس کے مطابق ارشد شریف کو کینیا میں گولی ماری گئی۔
ارشد شریف کچھ روز پہلے دبئی سے لندن بھی گئے تھے اور پھر کینیا چلے گئے تھے۔
پاکستانی سینئر صحافی و ٹی وی اینکر ارشد شریف کے پولیس کی فائرنگ سے قتل پر کینیا پولیس کی ابتدائی رپورٹ سامنے آ گئی۔
کینیا پولیس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ارشد شریف کی گاڑی ان کا رشتے دار چلا رہا تھا، مگادی ہائی وے پر پولیس نے چھوٹے پتھر رکھ کر روڈبلاک کیا تھا۔
کینیا پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ارشد شریف کی کار روڈ بلاک ہونے کے باوجود نہیں رکی، پولیس آفیسرز نے کار نہ رکنے پر فائرنگ کی۔
کینیا پولیس کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کار پر 9 گولیاں فائر کی گئیں، جن میں سے ایک ارشد شریف کے سر میں لگی۔