سابق وزیرِ داخلہ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ آج عمران خان لبرٹی چوک سے سیاست کے آخری 5 اوور کروانے جا رہے ہیں۔
یہ بات شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں خود بھی لبرٹی چوک جاؤں گا، جمعے کو لانگ مارچ راولپنڈی پہنچے گا۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ دعا ہے کہ لانگ مارچ آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقاصد حاصل کرے۔
اس سے قبل کیے گئے ٹوئٹ میں شیخ رشید نے کہا تھا کہ غریب عوام اور پاکستان سنگین ترین بحران سے گزر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی کی مشہوری کے لیے شہباز شریف نے نومبر میں جتنے غیر ملکی دورے کرنے ہیں کر لیں غیر مقبول بھکاریوں کو کوئی خیرات نہیں دے گا۔
سابق وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا ہے کہ اسلام آباد کے عوام نکل آئے تو کرپٹ ٹولے کو بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی، نومبر میں آر یا پار ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کا آغاز آج سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ قیادت لبرٹی چوک لاہور سے ہو گا، جس کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی کا آزادی کنٹینر لاہور پہنچ گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں لانگ مارچ لاہور سے شاہدرہ پہنچے گا، دوسرے مرحلے میں شاہدرہ سے گوجرانوالہ، تیسرے مرحلے میں سیالکوٹ سے گجرات پہنچے گا۔
کراچی اور کوئٹہ سے لانگ مارچ کے قافلے آج جبکہ جنوبی پنجاب، ملتان اور خیبر پختون خوا سے قافلے بدھ کو اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے، تمام قافلے 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔
ادھر اسلام آباد کیپٹل پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے، داخلی راستوں پر ناکے متحرک کر دیے گئے ہیں۔
وزارتِ داخلہ کے مطابق ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، سرکاری ملازمین مارچ میں شامل نہیں ہو سکتے۔