پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان اداروں کے خلاف بات کرنے پر بھارتی میڈیا میں مقبول ہوگئے۔
سیکیورٹی ایجنسیوں پر متواتر تنقید کے بعد عمران خان بھارتی میڈيا کی آنکھوں کا تارا بن گئے، بھارتی میڈيا عمران خان کے گن گانے لگا، انہيں اپنا سب سے پیارا قرار دے دیا۔
تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان کی موجودگی میں بھارتی ٹی وی کے شو کی میزبان نے کہا کہ آپ نے اپنی پارٹی کو بچانے کے لیے اس ادارے کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا، ہمارا کام آپ نے کردیا تو آپ کا بہت شکریہ، آپ نے بھارت کا کام کر دیا تو آپ بھارت کے سب سے پیارے ہوگئے۔
پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان کہتے رہ گئے کہ بات کو متنازع بنانا آپ کی خواہش ہوگی۔
بھارت کے ایک اور ٹی وی چینل نے خبر چلائی کہ تحریک انصاف اور پاک فوج آمنے سامنے آگئے، اعظم سواتی کی آج کی پریس کانفرنس کا حوالہ دے کر بھارتی میڈيا نے لکھا کہ تحریک انصاف کے رہنما نے پاک آرمی پر الزامات کی بوچھاڑ کردی۔
بھارتی میڈيا نے لکھا کہ عمران خان کی تحریک انصاف پاک فوج پر برس پڑی، ایک اور ٹی وی چینل نے تجزیہ کیا کہ عمران خان کو دس سال کے لیے وزیراعظم بنائيں، ایسا ہو جائے تو بھارت کا کام آسان ہو جائے۔
بھارتی میڈيا نے عمران خان کے لانگ مارچ پر خصوصی نشریات بھی کی، ان کے مارچ کو فائنل کال کا نام دیا، ایک اور چينل نے لکھا کہ عمران خان آئی ایس آئی کے خلاف کھڑے ہوگئے۔