• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کے مہنگائی کے دور میں اپنا گھر کئی خاندانوں کے لیے محض ایک خواب بن کر ہی رہ گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بلڈرز ہر طبقے کی ضرورت اور قوتِ خرید کے مطابق چھوٹے بڑے مکانات یا اپارٹمنٹس تعمیر کررہے ہیں۔ اگر آپ کی فیملی چھوٹی ہے اور آمدنی بھی کم ہے تو ایسے میں آپ اسٹوڈیو اپارٹمنٹ خریدنے پر غور کرسکتے ہیں، جس کی قیمت ایک عمومی اپارٹمنٹ کے مقابلے میں کچھ کم ہوتی ہے۔

اسٹوڈیو اپارٹمنٹ عموماً ایک بیڈ روم یا دو بیڈ روم پر مشتمل ہوتے ہیں، تاہم ان کا ڈیزائن اور لے آؤٹ مختلف ہوسکتا ہے۔ اگر آرکیٹیکٹ اور بلڈر تخلیقی ہوں تو اسٹوڈیو اپارٹمنٹ بھی بڑا بڑا سا لگتا ہے۔ مزید برآں، ایک بڑے سے کمرے والے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں اگر آپ نے فرنیچر کی دانشمندانہ سیٹنگ کرلی تو پھریہ آپ کے لیے اطمینان و سکون کا باعث ہوسکتا ہے۔

ٹیکنالوجی کی وجہ سے اب ہر چیزخواہ وہ ٹی وی ہو یا کمپیوٹر یا کوئی بھی اپلائنسز، سب ہی اب کم جگہ گھیرتے ہیں۔ لہٰذا، اسٹوڈیو اپارٹمنٹ صرف کم بجٹ رکھنے والی فیملیز ہی نہیں خریدتیں بلکہ ہائی ٹیک اور ماحول دوست نئی نسل اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کو ترجیح دے رہی ہے۔ شاید ان کا مطمح نظر ہو کہ گھر جاکر سونا ہی تو ہےتو کیوں نہ بڑے بڑے لگژری گھروں میں رہنے کےبجائے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں رہائش اختیار کرکے کفایت شعاری اپنائی جائے۔

اگر آپ ایک طالب علم ہیں یا دوسرے شہر میں ملازمت کی غرض سے تنہا رہ رہے ہیں یا پھر آپ ایک نیا شادی شدہ جوڑا ہیں، جو اپنی زندگی کی شروعات کفایت شعاری سے کرنا چاہتاہے تو آپ کو چاہئے کہ اسٹوڈیو اپارٹمنٹ حاصل کرنےسے پہلے چھ سات اسٹوڈیو اپارٹمنٹس دیکھ لیں۔

اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی خصوصیات 

اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں جو چیزیں آپ کو اچھی لگیں ان کو نوٹ کرلیں، جو پسند نہ آئیں ان کو بھی نوٹ کرلیں اور انہیں اپنے متوقع اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا تہیہ کرلیں۔ اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کی بس یہی ایک خامی ہے کہ اس میں جگہ بہت کم ہوتی ہے اور آپ کو ایک ایک انچ دیکھ بھال کر استعمال کرنا ہوتا ہے۔ اگر آپ کا اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں رہنے کا ارادہ ہے تو آپ کو ذیل میں بتائے گئے کچھ اقدامات کرنے ہوں گے۔

کمرے کی سیٹنگ

کمرے میں سیپریشن آپ پردوں سے بھی کرسکتے ہیں یا ایسا بیڈ بھی لگاسکتے ہیں جس کے نیچے اسٹوریج کی سہولت موجود ہو، جیسے کہ بیم ڈیوائڈربیڈز ہوتے ہیں، ان میں ہُک اور شیلف بھی لگے ہوتے ہیں۔ ایک عمدہ بیڈ روم آپ کے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کو بڑا بھی دکھا سکتاہے اور آپ کی پرائیویسی کو بھی برقرار رکھ سکتاہے۔

ملٹی فنکشن خصوصیات والافرنیچر

فرنیچر کی ایک سے زائد استعمال والی خصوصیات کی وجہ سے آپ کو اپنے اسٹوڈیو میں زیادہ جگہ دستیاب ہو سکتی ہے۔ مثال کے طورپر ڈائننگ ٹیبل کےساتھ پتلی کرسیاں، آپ کو ڈائننگ ٹیبل کے ساتھ ساتھ رائٹنگ ٹیبل کی سہولت بھی فراہم کرسکتی ہیں۔

عمودی اسٹوریج

دیواروں پر لگے شیلف تو اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کے لیے آئیڈیل ہیں کیونکہ یہ زیادہ جگہ نہیں گھیرتے۔ ان شیلفس میں آ پ کتابیں، اخبارات اور میگزین، ڈیکوریشن پیس، فوٹو البمز، دستاویزات اور چھوٹا موٹا سامان رکھ سکتے ہیں۔

چھوٹا لیونگ روم

ایک بڑے لائونج پر مشتمل اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں ایک اور کمرا یا لیونگ روم بنانا اچھوتا خیال تو ہوسکتاہے لیکن اس کے لیے آپ کو بہت سوچ بچار کرنی پڑے گی اور دانشمندانہ طریقےسے اسے سیٹ کرنا پڑے گا۔ آپ دیوار کے ساتھ چھوٹے صوفے رکھ کر ان کے آگے سیپریٹرز ڈال سکتے ہیں۔ یہ سٹنگ ایریا آپ کو اخبار اور کتاب کے مطالعہ کے ساتھ موسیقی سے لطف اندوز ہونے میں مدد دے گا یا پھر آپ یہاں تنہائی میں اپنے فرصت کے لمحات بھی گزار سکتے ہیں۔

صوفے کیسے ہوں؟

یہ بات بھی ٹھیک ہے کہ جہاں صوفے ہوں، وہ لیونگ ایریا یا سٹنگ ایریا بن جاتاہے۔ اگر آپ کے صوفے حرکت کرنے والے ہیں تو آپ اپنی ضرورت کے مطابق انھیں کہیں بھی ایڈجسٹ کرسکتے ہیں یاجب چاہیں ان کی جگہ تبدیل کرسکتے ہیں۔ صوفہ کم بیڈ تو اسٹوڈیو اپارٹمنٹ کے لیے آئیڈیل ہے۔

فرنیچر کا انتخاب

آپ جو الماریاں خریدیں، اگر وہ اونچی ہوں گی تو ان میں ساما ن رکھنے کی گنجائش زیادہ ہوگی اور الماری اگر چھت تک جارہی ہوگی تو یہ اور بھی فائدہ مند رہے گی۔ اسی طرح بیڈ اگر اونچے ہوں گے تو ان کے نیچے کافی سامان آسکتاہے۔ بنک بیڈ یا پلیٹ فارم بیڈ تلاش کیجئے، اسٹوریج کے حوالے سے آپ کابہت بڑا مسئلہ حل ہوجائےگا۔

ملٹی فنکشن کیس

اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں ایک بُک کیس، ڈیوائیڈر کا کام بھی کرسکتا ہے اور آپ کے اپارٹمنٹ کی دلکشی بھی بڑھا سکتاہے۔ بُک کیس میں آپ اپنی پسندیدہ کتابوں کا ذخیرہ رکھ سکتے ہیں، جن کو بوقت ضرورت نکال کر مطالعہ کیا جاسکتا ہے۔

منیملزم اختیار کریں

آجکل منیملزم کا زمانہ ہے تو اسی طرز پر چلتے ہوئے اسٹوڈیو اپارٹمنٹ میں کم سے کم سامان رکھیں تاکہ انہیں ادھر سے ادھر حرکت دینے میں آسانی ہو اور آپ کو سامان کی ترتیب اور صفائی وغیرہ کے لیے زیادہ مشکلات پیش نہ آئیں۔ وہ چیزیں رکھیں جو رنگین ہوں، زندگی کا احساس دلاتی اور طبیعت پر خوشگوار اثرات مرتب کرتی ہوں۔ مثال کے طور پر نایاب اور منفرد اشیا جیسے کہ گلدان، میز پر نایاب اشیا، بیٹھنے کے لیےدلکش بین بیگس، کائوچز یا روکنگ چیئرزیا پھر رنگین دلکش پردے وغیرہ۔