آئی جی اسلام آباد ناصر اکبر خان کا کہنا ہے کہ ایسا جلسہ جس کی اجازت دی گئی ہو اس کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔
آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے پاک چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں سندھ پولیس اور ایف سی کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن کے لیے اسلام آباد آنے والی تمام فورسز کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ آپ اسلام آباد میں امن وامان برقرار رکھنے کے لیے آئے ہیں، ہمیں امن کے لیے کام کرنا ہے، امن ہوگا تو ہماری نسلیں خوش حال ہوں گی۔
آئی جی اسلام آباد ناصر اکبر خان نے اہلکاروں سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کو امن دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہے، ملک دشمن عناصر پر نظر رکھنی ہے، خدشات ہیں کہ اسلام آباد کو ملک دشمن عناصر نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آپ کو لوگوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنا ہے، حوصلے سے رہنا ہے، آپ کے پاس اسلحہ نہیں ہوگا، ایسا جلسہ جس کی اجازت دی گئی ہو اس کی حفاظت ہمارا فرض ہے، جہاں کوئی قانون کی حد پار کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔