پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ، بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے سالگرہ کے موقع پر اپنے بیٹے اذہان ملک کے لیے محبت بھرا پیغام شیئر کیا ہے۔
ثانیہ مرزا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنے بیٹے اذہان مزرا ملک کی پیدائش سے لے کر اب تک کی چند یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔
اُنہوں نے اپنے بیٹے کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میں اس زندگی میں بہت کچھ ہوں لیکن سب سے پسندیدہ لمحہ آپ کی ماں بننا ہے۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ یہ میری زندگی کا بہترین دن تھا جس دن آپ کی پیدائش ہوئی تھی اور آپ مسکرائے بھی تھے۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ آپ ہر گزرتے دن کے ساتھ ایک مہربان اور قیمتی شخصیت بن رہے ہیں اور مجھے آپ کی ماں ہونے پر بہت فخر ہے۔
ثانیہ مرزا نے اپنے بیٹے سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ نے مجھے بہتر بنایا اور مجھے وہ بے لوث اور غیر مشروط محبت سکھائی جو میں کبھی آپ سے پہلے نہیں جانتی تھی۔
اُنہوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ میرے سب سے پیارے بیٹے تم کتنے ہی بڑے ہو جاؤ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کیونکہ تم ہمیشہ میرے لیے بچے ہی رہو گے۔