• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان بدتمیزی چھوڑیں اور معذرت کریں، وزیر داخلہ کی مشروط مذاکرات کی پیشکش

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مشروط مذاکرات کی پیشکش کردی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان اپنے فسادی ایجنڈے کو چھوڑ کر سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھیں۔

انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ عمران خان اپنی بدتمیزی اور بدتہذیبی پر معذرت کریں، پاکستان کو افراتفری اور انارکی کی نہیں اتفاق کی ضرورت ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے تصدیق کی کہ اس وقت عمران خان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ہیں، اسے چاہیے اپنے مذموم فسادی ایجنڈے کو چھوڑ کر آئین و قانون کے تابع آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مارشل لاء لگانے کی بات کرنے والا عمران خان ملک کو ڈی ریل کرنا چاہتا ہے، مارشل لاء کا لگنا پی ٹی آئی کی سازش ہوگی۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مارشل لاء لگانے والوں نے بحیثیت ادارہ فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ آئین کے تابع رہیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لانگ مارچ میں اگر یہ بندوقیں اور اسلحہ لے کر آرہے ہیں تو پھر وہی فورس فتنہ روکے گی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جس رفتار سے مارچ چل رہا ہے لگتا ہے 10 دن میں اسلام آباد پہنچیں گے، اس کا مطلب ہے کہ بندے اور بندوقیں ابھی جمع نہیں ہوئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور نے عمران خان کو مکمل طور پر مسترد کیا، جو الیکشن تم نے جیتے ہیں ان کا عام انتخابات میں پتا چلے گا، تم سیاست کر رہے ہو اور باقی تمام جماعتیں ملک کو ڈیفالٹ سے بچا رہی ہیں۔

قومی خبریں سے مزید