سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کے توشہ خانہ کی چیزیں بیچنے سے متعلق بڑا انکشاف کیا ہے۔
لندن میں پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے بتایا کہ عمران خان توشہ خانے سے 50 کروڑ روپے کی چیزیں بیچ چکا، 2 کروڑ میں ہیرے کا سیٹ خرید کر 22 کروڑ میں دبئی میں بیچ دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ نے بتایا کہ نواز شریف چور ہے، انہوں نے جو پرچی آپ کو دی وہ آپ نے قوم کے سامنے پڑھ کر سنادی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف سے متعلق اگر آپ کو اسٹیبلشمنٹ نے کہا تھا تو عدالت میں بھی یہی بول دیتے۔
ان کا کہنا تھاکہ آپ کو پتا تھا کہ آپ جھوٹ بول رہے ہیں، دراصل اس سازش کا سب سے بڑا مہرا آپ تھے، عدالت کو عمران خان کی غلط بیانی کا نوٹس لینا چاہیے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ آپ کی سیاسی پرورش اور تربیت جھوٹوں میں ہوئی ہے، جب عدالت نے ہی یہ کہہ دیا کہ ہوسکتا ہے کہ عمران خان تک اطلاع نہ پہنچی ہو تو آپ کیا سچ بولیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو این آر او نہیں مل رہا، آپ کے جھوٹ کی قلعی کھل رہی ہے ،قوم کے سامنے ابھی مزید سچ آئیں گے، عمران خان نے عوام اور پارٹی کو سچ نہیں بتایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پوچھتی ہوں کیا تمہیں اسٹیبلشمنٹ نے کہا تھا کہ توشہ خانہ سے تحائف لے لو؟ کیا پنکی پیرنی کو اپنا ’فرنٹ مین‘ بنانے کا بھی انہوں نے کہا تھا؟
مریم نواز نے عمران خان کا نواز شریف کو ہرانے سے متعلق چیلنج کا بھی جواب دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین ہمیں 2018ء میں نہیں ہراسکا جب آر ٹی ایس بند کرنا پڑا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تمہارا سب سے بڑا مخالف تو ابھی میدان میں ہے ہی نہیں، لانگ مارچ ان کا آخری پلان ہے، ان کا ایک ہی ہدف آرمی چیف کی تقرری میں رخنہ ڈالنا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ یہ پلان بھی ناکام ہوگا، شہباز شریف کی آرمی چیف کی تقرری آئین اور قانون کے مطابق کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تنقید کا بھی کوئی معیار ہونا چاہیے، ہماری اسٹیبلشمنٹ پر تنقید اصلاح کےلیے تھی، جن پر آپ تنقید کررہے ہیں وہ ملک کے محافظ ہیں بنی گالہ کے نہیں۔
مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ کیا آپ آئینی و قانون کی حکمرانی کی بات کرسکتے ہیں؟ بشیر میمن کو آپ نے اپنے مخالفین کو پکڑنے کا کہا تھا، طیبہ گل کو ایک ماہ پی ایم ہاؤس میں آپ نے رکھا۔
انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو آپ نے لگایا، تم چیف الیکشن کمشنر پر کس چیز کا ہرجانہ کرو گے، اگر ایسا کروں گے تو تم ہار جاؤں گے، توشہ خانے میں عمران خان کو ملی نااہلی تو ابھی صرف "ٹپ آف دی آئس برگ" ہے۔
مریم نواز نے پریس کانفرنس کے آغاز میں لانگ مارچ میں جاں بحق ہونے والی خاتون صحافی صدف نعیم کے لواحقین سے تعزیت کی اور اُن کے لیے دلی جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سوچ رہی تھی کہ یہ لانگ مارچ کیا ہے، اس کے مقاصد کیا ہیں؟ مارچ پر کروڑوں روپے خرچ ہو رہے ہیں اتنے لوگ لانگ مارچ میں نہیں ہوتے جتنے سیکیورٹی اہلکار ہوتے ہیں۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ بے دردی سے قوم کا پیسہ اور وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں، عوام کے مسائل اور تکالیف کا لانگ مارچ سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کے بیٹے کیوں لانگ مارچ میں شرکت کریں؟ آپ کے اپنے بیٹے لندن میں بیٹھے ہیں، عمران خان کا پارٹ ٹائم لانگ مارچ 2 گھنٹے میں ختم ہو جاتا ہے، 5 دن سے یہ لانگ مارچ لاہور میں پھنسا ہوا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ دوپہر میں شروع کر کے شام 6 بجے ختم کر دیتے ہیں اس طرح تو یہ لانگ مارچ ایک مہینے میں بھی اسلام آباد نہیں پہنچے گا، یہ سڑک پر چلتی ٹریفک سے خطاب کر رہے ہوتے ہیں۔