پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آئی جی پنجاب کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سینئر لیڈرشپ کا اجلاس ہوا، جس میں ڈاکٹرز نے عمران خان کے آپریشن سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ اجلاس نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی، اجلاس میں معظم گوندل کی شہادت اور ابتسام کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کیا گیا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ابتدائی تفصیلات کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد ایک سے زیادہ ہے، لیڈرشپ نے اس حملے کے پس منظر کا تفصیل سے جائزہ لیا، یہ حملہ ایک سوچی سمجھی سازش کا پیش خیمہ ہے، حملے کے ماسٹر مائنڈ وزیراعظم، وزیر داخلہ سمیت تین مرکزی ملزمان ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آئی جی کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں آئی جی پنجاب کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کیا گیا ہے، اجلاس نے اقدام قتل کے اس واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی سازش کی مذمت کی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سوشل میڈیا اور میڈیا میں بیانات اور ملزم کی ویڈیو لیکس کا جائزہ لیا گیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان آج کارکنوں سے خطاب کریں گے، خطاب میں سازش سے متعلق اہم امور پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی احتجاج ہر صورت میں جاری رہے گا۔