ہرچندکہ میٹاوَرس یعنی ورچوئل دنیا ابھی اپنے تصوراتی یا زیادہ سے زیادہ اپنے بالکل ابتدائی تجرباتی مرحلے میں ہے لیکن فیس بک کا اپنا نام تبدیل کرکے ’’میٹا‘‘ رکھنے کے بعد اب میٹاوَرس پر بڑے پیمانے پر بات ہونا شروع ہوچکی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ فیس بک دنیا کا سب سے بڑا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہے۔ میٹاوَرس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ اس دنیا کا ’ڈیجیٹل ٹوئن ‘ ہوگا، جہاں اس دنیا میں موجود ہر چیز کا ایک ڈیجیٹل ٹوئن موجود ہوگا۔ اسی طرح عمارتوں اور دیگر انفرااسٹرکچر جیسے ایئرپورٹس وغیرہ کا بھی میٹاوَرس میں ڈیجیٹل ٹوئن موجود ہوگا۔
کئی ماہرین کا خیال ہے کہ 2022ء میٹاوَرس اور خصوصاً میٹا وَرس ریئل اسٹیٹ کے حوالے سے یاد رکھا جائے گا۔ اب امریکی شہر میامی سے تعلق رکھنے والے ایک تعمیر ساز ادارے نے ورچوئل دنیا یعنی میٹا وَرس میں ’میٹا ریئل‘ محل تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میٹا ریئل کی خاص بات یہ ہے کہ جو کوئی بھی یہ محل خرید کرے گا، اسے حقیقی طبعی محل کے ساتھ ساتھ میٹاوَرس میں اس کا ڈیجیٹل ٹوئن بھی ملے گا۔ یہ ورچوئل گھر بلاک چین ٹیکنالوجی پر مبنی کمیونٹی میٹاوَرس پلیٹ فارم’’سینڈ باکس میٹاوَرس‘‘ میں ایک نان فنجیبل ٹوکن (NFT)کی شکل میں لائیو جائے گا، جہاں اسے فروخت بھی کیا جاسکے گا۔ یہ پہلی دفعہ ایسا ہورہا ہے کہ کسی حقیقی گھر کی فروخت کے ساتھ اس کا ڈیجیٹل ٹوئن بھی فروخت کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، میامی سے تعلق رکھنے والا تعمیرساز ادارہ ’ریفلیکشن مینور‘ امریکی شہر میامی کے سب سے مہنگے علاقہ میں ایک ایکڑ رقبہ پر تعمیر کیا جائے گا اور اس کا تعمیراتی رقبہ 11ہزار مربع فٹ ہوگا جس میں سات بیڈ روم اور نو باتھ روم، دُگنی اونچائی کا حامل داخلی ہال (فوئر) ، ایک گیم روم اور ایک جِم شامل ہوگا، جو کہ ایک وسیع ٹیرس میں کھلے گا۔ پرائمری سوئٹ الٹراپرائیویٹ خصوصیات کا حامل ہوگا جس میں تنصیب شدہ الماریاں (کلوسٹ)کسی بوتیک کے اسٹائل اور معیار کی ہوں گی۔ یہ محل خصوصاً ایسے افراد کو مدِنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے جو فائیو اسٹار ہوٹل طرز کے نجی گھر میں رہنا چاہتے ہیں۔ اس کا ورچوئل ٹوئن بالکل ایسا ہی ہوگا، جسے تخلیق کرنے میں ’واکسل آرکیٹیکٹس‘ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
میٹا ریزیڈنس حکام کا کہنا ہے کہ، ’’محل کا میٹاوَرس ہم منصب ، بالکل حقیقی گھر جیسا ہی ہوگا، جس کا مالک وہاں اپنے مہمانوں کے ساتھ اِن ہاؤس میٹنگ، پارٹی اور کوئی دیگر ایونٹ کرسکے گا۔ ہم اس گھر کے خریدار کے لیے ایک ایسا تجربہ تخلیق کرنا چاہتے ہیں جو حقیقی اور میٹا وَرس دنیا کے درمیان فرق کو دھندلا دے گا۔ تصور کریں کہ آپ دوستوں کے ساتھ اپنے ڈیجیٹل ٹوئن گھر میں ملاقات کرتے ہیں اور اس سے فارغ ہونے کے بعد جیسے ہی باہر آتے ہیں، آپ خود کو اس کے حقیقی جڑواں گھر میں موجود پاتے ہیں‘‘۔
ریئل اسٹیٹ این ایف ٹی ایک نیا تصور ہے اور اگر آپ کو یہ بات سمجھ نہیں آتی تو آپ اکیلے نہیں ہیں۔ مختصراً یہ کہ میٹا وَرس ایک ورچوئل دنیا ہے اور یہ ایک سے زائد بھی ہوسکتی ہیں۔ کمپیوٹر کے ذریعے تخلیق کی گئی دنیائیں وی آر ہیڈ سیٹ یا اسمارٹ گلاسز کے ذریعے پہلے ہی اپنا وجود رکھتی ہیں۔ تعمیرساز ادارے نے مستقبل کے نئے ورچوئل تعمیراتی منصوبوں کے لیے میٹاوَرس میں مزید 40ایکڑ زمین خرید لی ہے۔
سوتھبیز انٹرنیشنل ریئلٹی کے صدر ڈینئل ڈے لا ویگا کہتے ہیں کہ، ’’مستقبل میں سماجی طور پر جُڑنے کا ایک بڑا ذریعہ میٹا وَرس ہوگی اور اس میں ریئل اسٹیٹ بنیادی کردار ادا کرے گی۔ ایک حقیقی گھر کا ڈیجیٹل ٹوئن آج تک کسی نے نہیں بیچا اور ہمیں یقین ہے کہ یہ لوگوں کے لیے ایک زبردست تجربہ ثابت ہوگا‘‘۔
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ ورچوئل یا این ایف ٹی ریئل اسٹیٹ کا مستقبل کیا ہوگا لیکن اس پروجیکٹ سے وابستہ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ رجحان ابھی تو شروع ہوا ہے اور جلد ختم ہونے والا نہیں۔ ’’اس کے برعکس ہم یہ سمجھتے ہیں کہ آپ کے لیے اس دنیا میں موجود اپنے حقیقی گھر کا ڈیجیٹل ٹوئن خریدنا ناگزیر ہوجائے گا۔ لوگوں کے لیے یہ تجربہ جیسے جیسے مزید دلچسپ بنتا جائے گا، اس کے بعد حقیقی دنیا اور میٹا وَرس کے درمیان فرق محسوس کرنا مشکل ہوجائے گا۔ آنے والے کئی برسوں تک، حقیقی دنیا کے اثاثوں کے ڈیجیٹل ٹوئن تخلیق کرنے کے لیے این ایف ٹی ٹیکنالوجی کا استعمال بہت بڑھ جائے گا‘‘۔
ماہرین سمجھتے ہیں کہ مستقبل میں ورچوئل ریئل اسٹیٹ کو اس کے استعمال کی موزونیت کے حساب سے کرایہ پر بھی دیا جاسکے گا، جیسے ایک ورچوئل گھر کو سماجی سرگرمیوں کی میزبانی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اگر ایسا ہوگیا، جس کے انتہائی روشن امکانات موجود ہیں، تو ایسی ورچوئل ریئل اسٹیٹ کی قیمتیں تیزی سے بڑھ سکتی ہیں۔
مذکورہ گھر 7.7ملین ڈالر میں فروخت کے لیے لِسٹ کیا گیا ہے، تاہم اس کے ڈیجیٹل ٹوئن کی فی الحال کم از کم قیمت کا تعین نہیں کیا گیا۔ ایک بار ڈیجیٹل ٹوئن کو جب کوئی شخص خرید لے گا تو اس کے بعد لوگوں کی دلچسپی یا عدم دلچسپی کی بنیاد پر اس کے این ایف ٹی کی فلور پرائس کم یا زیادہ ہوتی رہے گی۔