• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے ایشین چیمپئن جاپان کو 3-5 سے شکست دیکر 11 سال بعد ایونٹ میں وکٹری سٹینڈ پر جگہ بنالی۔

ملائیشیا کے شہر ایبوہ میں کھیلے جانے والے سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں تیسری و چوتھی پوزیشن کا میچ پاکستان اور جاپان کے مابین کھیلا گیا۔

مذکورہ میچ میں پاکستان نے جاپان کو ایک سنسنی خیز مقابلے میں تین کے مقابلے میں 5 گول سے ہرادیا۔

پاکستان کی جانب سے 11ویں منٹ میں حنان شاہد نے فیلڈ گول، 18ویں منٹ میں افراز احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعے، 27ویں اور 31ویں منٹ میں رومان نے دو فیلڈگولز کیے جبکہ 53ویں منٹ میں رانا عبدالوحید نے فیلڈ گول اسکور کیا جبکہ جاپان کی جانب سے 10ویں منٹ میں کینٹارو نے، 31ویں اور 50ویں منٹ میں یوما نے دو گول اسکور کیے۔

ایونٹ میں 11 سال بعد پاکستان تیسری پوزیشن حاصل کر کے برونز میڈل جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ایونٹ کا فائنل آسٹریلیا کے مدمقابل 2011 میں کھیلا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم میں 9 باصلاحیت اور نوجوان کھلاڑیوں نے اس ایونٹ سے اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا اور ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔

مذکورہ ایونٹ میں 6 چھ ٹیموں نے شرکت کی جن میں میزبان ٹیم ملائیشیا، پاکستان، جاپان ، کوریا، جنوبی افریقہ اور مصر شامل ہیں۔

سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کا فائنل کل میزبان ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے مابین کھیلا جائیگا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید