راولپنڈی (نمائندہ جنگ) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک تعیناتی سب پر بھاری ہے، نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمان کو بہت جلد مایوسی ہوگی، فیصلہ میرٹ پر اور انتخابات ہونگے، بے اختیار شہباز شریف جاتے شرم الشیخ نکلتے لندن میں ہیں،اسلام آباد تیرہ ربڑ اسٹمپ پارٹیوں کا نہیں ہمارا بھی ہے، اپنے ٹویٹ اور میڈیا سے گفتگو میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بے اختیار شہباز شریف جاتے شرم الشیخ ہیں اور حسب معمول نکلتے لندن میں ہیں، ایک تعیناتی سب پہ بھاری ہے نواز شریف نے جتنے لوگوں کو تعینات کیا ان سب سے پھڈا کیا، یقین سے کہتا ہوں نواز، زرداری اور فضل الرحمان کو سخت مایوسی ہوگی، انہوں نے کہا کہ بڑے دکھ کی بات ہے کہ ارشد شریف کی والدہ کو بیٹے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ لینے کیلئے سپریم کورٹ جانا پڑا اس رپورٹ سے قوم کے دل دھل گئے ہیں دعاگو ہوں شہید کے لواحقین کو جلد انصاف ملے، انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا تاریخی اور فیصلہ کن پڑائو راولپنڈی میں ہوگا ہم بھی اس کا تاریخی استقبال کریں گے، سعودی عرب کے مہمان اگر پاکستان آئے تو ہمیں بھی خوشی ہوگی، مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہے اگلے دوہفتے روزانہ ٹویٹ کروں گا۔