چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ جی 20 اجلاس کے موقع پر امریکی صدر جوبائیڈن سے ملاقات کریں گے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق دونوں ملکوں کے صدور کشیدگی کے دوران رابطوں کو بہتر بنانے سے متعلق گفتگو کریں گے۔
وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جو بائیڈن اور شی جن پنگ بین الاقوامی سطح پر دونوں ملکوں کے مل کر کام کرنے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ صدر شی جن پنگ جی 20 اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ فرانس، سنیگال، ارجنٹائن کے صدور سے بھی ملاقات کریں گے۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق جوبائیڈن کے امریکی صدر بننے کے بعد چین اور امریکی صدور کی یہ پہلی ملاقات ہوگی۔
وائٹ ہاوس نے گزشتہ روز چین اور امریکی صدور کی انڈونیشیا میں 14 نومبر کو ملاقات کی تصدیق کی تھی۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں جی 20 اجلاس 15 نومبر کو شروع ہوگا۔