بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے ہدایت کی ہے کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ماہ صیام کے دوران سخت اقدامات اٹھائے جائیں، انہوں نے یہ ہدایت ماہ رمضان کے انتظامات کے حوالہ سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی،انہوں نے ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں بنائے گئے گوداموں اور کولڈ سٹوریج میں ذخیرہ شدہ سٹاک کے ریکارڈ کی پڑتال کریں اور اس بات پر کڑی نظر رکھیں کہ ان گوداموں اور کولڈ سٹوریجز کو ذخیرہ اندوزی کے لئے استعمال نہ کیا جا رہا ہو،انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز ملک وقوم کے دشمن ہیں جن کی وجہ سے عام صارف کو مہنگی اشیائے خوردونوش خریدنی پڑتی ہے،انہوں نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف موثر اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔