• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف ہمیشہ اس آدمی کو اوپر لاتا ہے جو اس کے فائدے کا ہو، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف ہمیشہ اس آدمی کو اوپر لے کر آتا ہے جو اس کے فائدے کا ہو۔

گجرات میں لانگ مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دنیا میں جو کامیاب ملک ہیں ان کے ادارے مضبوط ہوتے ہیں، مضبوط اداروں کے اوپر مضبوط ملک ہوتا ہے، نواز شریف ہمیشہ اس آدمی کو اوپر لے کر آتا ہے جو اس کے فائدے میں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے عدلیہ کے ججوں کو رشوت دی، یہ عدلیہ کو چلنے نہیں دیتے، پولیس کا بیڑا غرق کر دیا، الیکشن کمیشن نے ان سے مل کر ای وی ایم نہیں آنے دی، 90 فیصد دھاندلی ای وی ایم سے ختم ہوسکتی ہے، فائدہ چوروں، ہینڈلرز اور نقصان ملک کا تھا، انہوں نے زندگی میں کبھی میرٹ پر کچھ کیا نہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پیسے کو بچانے کیلئے ان کو اداروں کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے، طاقتور کو ادارے نہیں پکڑ سکتے، نیب کا قانون تبدیل کیا گیا، اب جو طاقتور ہے وہ نہیں پکڑا جائے گا، بھکاریوں کی طرح پوری دنیا سے بھیک مانگ کر پھرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ بتائیں ایف آئی اے کس کے خلاف کھڑی ہوگی، اب ایف آئی اے کے پاس یہ کام ہوگا کہ عمران خان کو تنگ کرو۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان سے چوری کیے گئے پیسوں سے بنے گھر میں وزیراعظم گئے، نواز شریف مشرف سے معاہدہ کرکے باہر گیا تھا، سزا یافتہ آدمی سے ملنے وزیراعظم لندن گئے، یہ وہ آدمی ہے جس پر رپورٹ ہے کہ کئی سو لوگ پولیس مقابلوں میں مارے، یہ آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ کرنے جا رہے ہیں، کسی بھی ترقی یافتہ ملک میں کوئی اس طرح کی چیز کا تصور نہیں کرسکتا، یہ وہی نواز شریف ہے جو جھوٹ بولتا ہے کہ معاہدہ نہیں کیا، معاہدہ سامنے آ گیا۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹا چور جیل میں جائے اور بڑے بڑے ڈاکو باہر بیٹھ جائیں، یہ سارا کچھ اس لیے ہو رہا ہے کہ یہاں قانون کی حکمرانی نہیں، جو کمزور آدمی ہے، وہی جیل جاتا ہے، یہاں طاقتور ڈاکوؤں سے ڈیل کی جاتی ہے، جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں وہ ترقی نہیں کر سکتا، اوورسیز پاکستانی جانتے ہیں کہ انصاف کیا ہوتا ہے، وہ یہاں سے بھاگتے اس لیے ہیں کہ یہاں انصاف نہیں ہے، برطانوی قوم اچھائی کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے، یہ چوری کے کیسز ختم کر رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف لندن کے مہنگے علاقےمیں بیٹھا ہے، کدھر سے پیسا آیا؟ 30 سال سے دو خاندان حکومت میں ہیں، ہر جگہ پیسا مانگتے ہیں، بھکاریوں کی طرح پیسے مانگنے سے ملک نہیں چلتا، انصاف کا مطلب ہے قانون کے نیچے سب برابر، یہ پاکستان میں ہے نہیں، وزیراعظم چوری کرتا ہے اور پیسے باہر بھیج دیتا ہے، یہ صرف پاکستان کا نہیں تمام غریب ملکوں کا مسئلہ ہے۔

 پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آج قوم اعظم سواتی کے ساتھ کھڑی ہے، انہوں نے سوچا مجھے گولیاں لگیں تو چپ کرکے بیٹھ جاؤں گا، قوم میں شعور  آ گیا، معظم اور ابتسام اس کی مثال ہیں، ان کی تیاری پوری تھی، مارنے والے سے بچانے والا بڑا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملک میں انصاف لانا اور اسےخوشحال کرنا ضروری ہے، شہباز شریف کو سازش کے تحت اوپر بٹھایا گیا، یہ سارا تماشا اس لیے ہو رہا ہے کہ یہاں قانون کی حکمرانی نہیں، فیکٹریاں بند، انڈسٹری تباہ ہو رہی ہے، کسانوں کا کیا حال ہے؟ ایکسپورٹ کم ہو رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید