اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کی رہنمااور رکن قومی اسمبلی شیریں مزاری نے کہاکہ خواجہ آصف کا رویہ درست نہیں، کسی مرد کو اس طرح کی بات کرتے ہوئے شرم و حیا آنی چاہیے، یہ بدقسمتی ہے کہ ایک بدتمیز شخص حکومتی وزیرہے جس کے خلاف (آج) جمعرات کو اسپیکر کو خط لکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ادھر ٹوئٹر پر ایک ٹویٹ میں شیریں مزاری نے کہا کہ ٹی وی چینلز پر میرے آبدیدہ ہونے کی چلنے والی خبر درست نہیں،خواجہ آصف اور میں ایک دوسرے سے اونچی آواز میں بات کرتے رہے، تاہم اسپیکر کی مداخلت پر اس کا خاتمہ ہوا۔