• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کہتے ہیں برطانوی عدالت جاؤں گا، آپ چاند پر چلے جائیں، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کہتے ہیں برطانیہ، یو اے ای کی عدالتوں میں جاؤں گا، آپ چاند پر بھی چلے جائیں۔

پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ تحفے لینے پر اعتراض نہیں مگر ان کو بازار میں بیچنا غلط ہے، توشہ خانہ کی سہولت بالکل ختم ہونی چاہیے، تحفے اس طرح بیچنے پر قدغن لگانے کی سفارش کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اہم تعیناتی پر کوئی بات نہیں کروں گا، عمران خان کا بیانیہ اینٹی اسٹیبلشمنٹ نہیں، انہوں نے تو خود آرمی چیف کو تاحیات توسیع کی آفر کی، ترلے اور منتیں کرتے رہے کہ آپ نیوٹرل نہ رہیں۔

عمران خان کی جان کو لاحق خطرات سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ سارے ڈرامے کرلیں، جتنی فلمیں چلانی ہیں چلا لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کی عزت، وقار کو تار تار کیا ہے، تحریک انصاف سے قطعی طور پر کوئی مذاکرات نہیں چل رہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مشورہ ہے سوشل میڈیا پر شور مچانے کی بجائے عدالت جائیں، لانگ مارچ یہاں پہنچ کر حکومت کے لیے مسئلہ نہیں بنے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عسکری حکام کو ملنے والے توشہ خانے کے تحائف کا مجھے علم نہیں۔

قومی خبریں سے مزید