پشاور(نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نیضلع پشاور میں پولیو کے ماحولیاتی نمونوں کے منفی نتیجے کے حصول کو سراہتے ہوئے اسے بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔یہ بات انہوں نے انسداد پولیو کے منتظمین اور ورکرز میں توصیفی اسناد کی تقسیم کی تقریب کے موقع پر کہی۔ وزیراعلیٰ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے انسداد پولیو کے ورکرز اور منتظمین کو توصیفی اسناد سے نوازا۔وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں تقسیم اسناد کی خصوصی تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، جہانگیر ترین، صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی، چیف سیکرٹری امجد علی خان، ڈپٹی کمشنر پشاور محکمہ صحت کے حکام اور انسداد پولیو کے منتظمین اور پولیو ورکرز نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور ریاض خان مسعود نے پشاور میں پولیو کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار پشاور میں پولیو کے ماحولیاتی نمونوں کا نتیجہ منفی آیا ہے۔ انہوں نے پولیو کے انسداد میں کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ضلع میں پولیو ویکسین پلانے کی شرح 105فیصد رہی ہے جبکہ ویکسینیشن کی کوالٹی 93ہے۔ اسی طرح پولیو سے انکاری افراد کی 18800سے کم ہو کر 247رہ گئی ہے جبکہ پولیو ویکسین سے محروم ہونے والے بچوں کی تعداد 10600سے گھٹ کر 1470تک آگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2015-16کے انسداد پولیو کے مہم کے اہداف سو فیصد حاصل کئے گئے۔