• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیشن ڈیزائنز محمود بھٹی انصاف نہ ملنے پر مایوس، اعزاز واپس کرنے کا اعلان

معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی انصاف نہ ملنے پر مایوس ہوگئے، انہوں نے ستارہ امتیاز اور اعزازی قونصل جنرل کا عہدہ واپس کرنے کا اعلان کردیا اور کہا کہ وہ اب ملک میں جاری تمام امدادی سرگرمیاں بھی بند کر دیں گے، ان کے کیسز پر 2 کروڑ روپے کے اخراجات آ چکے ہیں، مگر انصاف نہیں ملا۔

معروف فیشن ڈیزائنر محمود بھٹی لاہور کی سول اور سیشن عدالتوں میں پیش ہوئے، جہاں انہوں نے اپنے بھائی سینئر وکیل منیر بھٹی کے خلاف جعلسازی سے یتیم خانے کیلئے مختص اراضی اپنی بیوی کے نام کروانے کے الزام میں دعویٰ دائر کر رکھا ہے، جبکہ سیشن عدالت میں وہ اپنے خلاف ہتک عزت کے 2 دعووں میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل سیشن جج حمیرا الزہرا کی عدالت میں محمود بھٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ یتیم خانے کیلئے مختص زمین ان کے بھائی منیر بھٹی نے اپنے اور اپنی بیوی کے نام منتقل کروالی۔

ایڈیشنل سیشن جج نے ریمارکس دیے کہ انہیں تو یہ 2 بھائیوں کے جھگڑے کے سوا کچھ نہیں لگ رہا، محمود بھٹی نے جواب میں کہا کہ جب انسان مرتا ہے تو کفن پر جیب نہیں ہوتی، اللّٰہ نے کھربوں روپے دیے ہیں لیکن بھائی نے والدہ کی موت کی خبر تک نہیں دی تھی۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران محمود بھٹی کا کہنا تھا کہ وہ دکھی ہوکر پاکستان میں تمام امدادی سرگرمیاں بند کر رہے ہیں۔

ان  کا کہنا تھا کہ وہ پیرس میں پاکستان کے اعزازی قونصل جنرل ہیں لیکن اب وہ یہ عہدہ اور ستارہ امتیاز بھی واپس کررہے ہیں۔

محمود بھٹی نے بتایا کہ 2 سال میں ان کے اپنے کیسز پر 2 کروڑ روپے کے اخراجات آ چکے ہیں لیکن ان کی بات نہیں سنی گئی، وہ اپنی آواز عالمی میڈیا پر بھی اٹھائیں گے اور اگر چیف جسٹس پاکستان نے ان کے کیسز پر ایکشن نہ لیا تو وہ بھوک ہڑتال بھی کریں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید