• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مفتیٔ اعظم رفیع عثمانیؒ سپردِ خاک، مولانا فضل الرحمٰن، گورنر سندھ کی نمازِ جنازہ میں شرکت

مفتیٔ اعظم پاکستان رفیع عثمانیؒ کی نمازِ جنازہ ان کے بھائی مفتی تقی عثمانی پڑھا رہے ہیں—اسکرین گریب
مفتیٔ اعظم پاکستان رفیع عثمانیؒ کی نمازِ جنازہ ان کے بھائی مفتی تقی عثمانی پڑھا رہے ہیں—اسکرین گریب

مفتیٔ اعظم پاکستان، دارالعلوم کراچی کورنگی کے رئیس مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس کے بعد انہیں دارالعلوم کے احاطے میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

دارالعلوم کراچی کورنگی میں مفتی رفیع عثمانیؒ کی نمازِ جنازہ ان کے بھائی مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی۔

نمازِ جنازہ میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، پی ڈی ایم و جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمٰن، امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن، علمائے کرام اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ میں جے یو آئی اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی شریک ہیں—تصویر بشکریہ ٹوئٹر
نمازِ جنازہ میں جے یو آئی اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی شریک ہیں—تصویر بشکریہ ٹوئٹر

مفتی رفیع عثمانیؒ مرحوم کی نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں عوام بھی شریک ہوئے۔

مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کو ان کے والدِ گرامی مفتیٔ اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع عثمانیؒ اور دیگر مشائخ کے پہلو میں دارالعلوم کراچی کے احاطے میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

مفتی رفیع عثمانیؒ جمعے کی شب انتقال کر گئے تھے

مفتی محمد رفیع عثمانیؒ جمعے کی شب طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے تھے۔

مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی نمازِ جنازہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی—تصویر بشکریہ ٹوئٹر
مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی نمازِ جنازہ عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی—تصویر بشکریہ ٹوئٹر

ان کے قریبی عزیز و اقارب اور فیملی کے بعض افراد کی بیرونِ ملک سے پاکستان واپسی میں تاخیر کے باعث نمازِ جنازہ کے اعلان میں تاخیر کرنا پڑی۔

مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی رحلت پر صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر وفاق مولانا انوار الحق اور ناظمِ اعلیٰ وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر نے اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے درالعلوم کراچی کا دورہ کیا اور مفتیٔ اعظم پاکستان مولانا مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی رحلت کو امتِ مسلمہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔

ملک بھر کے علمائے کرام، مشائخ، سیاسی رہنماؤں اور حکومتی شخصیات کا کہنا ہے کہ مفتی محمد رفیع عثمانیؒ کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پُر نہیں ہو سکے گا۔

قومی خبریں سے مزید