• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممتاز عالم دین مفتی رفیع عثمانی کی نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مفتی اعظم پاکستان دارالعلوم کراچی کے رئیس مفتی محمد رفیع عثمانی کی نماز جنازہ آج اتوار 20 نومبرصبح 9 بجے دارالعلوم کراچی میں ادا کی جائے گی۔ مولانا مفتی محمد تقی عثمانی جنازہ کی امامت کریں گے ۔ مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی کو ان کے والد گرامی مفتی اعظم پاکستان مفتی محمد شفیع عثمانی اور دیگر مشائخ کے پہلو میں دارالعلوم کراچی کے احاطہ میں سپرد خاک کیا جائے گا۔وہ جمعہ کی شب طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کے قریبی عزیزواقارب اورفیملی کے بعض افراد کے بیرون ملک سے پاکستان واپسی میں تاخیرکے باعث نمازجنازہ کے اعلان میں تاخیر کرنا پڑی۔ مفتی محمد رفیع عثمانی کی رحلت پر صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی ، سینئر نائب صدر وفاق مولانا انوار الحق اور ناظم اعلی وفاق المدارس مولانا محمد حنیف جالندھری سمیت دیگر نے اظہار تعزیت کیا ہے۔جمعیت علمائ اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نمازجنازہ میں شرکت کے لیے کراچی پہنچ گئے ہیں انہوں نے درالعلوم کراچی کا دورہ کیا اور مفتی اعظم پاکستان مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی کی رحلت کو امت مسلمہ کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ ملک بھرکے علماء کرام، مشائخ، سیاسی رہنماؤں اور حکومتی شخصیات کا کہنا ہے کہ مفتی محمد رفیع عثمانی کی رحلت سے پیدا ہونیوالا خلا کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔

ملک بھر سے سے مزید