وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) امین الحق نے کہا ہے کہ پاکستان کے 22 کروڑ افراد کے پاس موبائل فون ہونا چاہیے تاکہ وہ ای کامرس میں حصہ ملائیں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب میں امین الحق نے کہا کہ آپ کا فون آپ کی فیکٹری ہے، آپ کا بزنس ہے، یہ بات ہر میٹنگ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو سمجھاتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ براڈ بینڈ کنیکٹیویٹی بند ہونے سے مسائل ہوتے ہیں، بزنس کی ترقی کے لیے کنیکٹیویٹی کی ہر وقت ضرورت ہوتی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 62 ارب روپے کنیکٹیویٹی پر خرچ کیے، ہم نے چاروں صوبوں میں 70 نئے منصوبے شروع کردیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے وزارت سنبھالے ڈھائی سال ہوچکے ہیں، اس سے پہلے خالد مقبول صدیقی بھائی وزیر تھے۔
امین الحق نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ افراد کے پاس موبائل ہونا چاہیے تاکہ وہ ای کامرس میں حصہ ملائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ کراچی کا کوٹہ کم کیا جاتا ہے، ہماری گنتی بھی کم جاتی ہے، کراچی کی آبادی 3 کروڑ ہے، جسے کم کرکے ڈیڑھ کروڑ ظاہر کیا گیا، 30 مارچ تک مردم شماری مکمل ہوجائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کے سی آر کو سی پیک میں شامل کرلیا ہے، حیدرآباد کی یونیورسٹی میں دسمبر یا جنوری میں کلاسز شروع ہوجائیں گی۔